شرح سود میں کمی کا امکان

کراچی (بیوروچیف) سٹیٹ بینک آف پاکستان 31جولائی کو مالیاتی پالیسی کمیٹی کا اجلاس منعقد کرے گا ، جس میں شرح سود میں کمی کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق پالیسی ریٹ 11فیصد میں 50سے 150 بیسز پوائنٹس تک کمی کی جا سکتی ہے، جس کے بعد شرح سود 10سے 10.5فیصد تک آ سکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ مالی سال 2025-26کی پہلی مالیاتی پالیسی میں سٹیٹ بینک محتاط رویہ اختیار کرے گا اور بتدریج کمی کی جائے گی۔ یہ اجلاس گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت ہوگا۔ادارہ جاتی شفافیت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال کے تمام مالیاتی پالیسی اجلاسوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔شیڈول کے مطابق، پہلا اجلاس 31جولائی، دوسرا 15ستمبر، تیسرا 27اکتوبر، چوتھا 15 دسمبر 2025، پانچواں 26جنوری 2026، چھٹا 9مارچ، ساتواں 27اپریل اور آٹھواں اجلاس 15جون 2026کو ہوگا۔سٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی غیر متوقع صورتحال کے باعث اجلاس ملتوی کرنا پڑا تو نئی تاریخ کا بروقت اعلان کیا جائے گا جبکہ اگلے مالی سال کے اجلاسوں کا کیلنڈر جولائی 2026 میں جاری ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں