اسلام آباد (بیوروچیف) پی آئی اے کے برطانیہ فلائٹ آپریشن کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ذرائع کے مطابق برطانیہ میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پروازوں کے معاملے میں قومی فضائی کمپنی کا 2 رکنی اعلی سطح کا وفد پہلی پرواز کے برطانیہ میں انتظامات کا جائزہ لینے مانچسٹر پہنچ گیا ہے۔پی آئی اے کی ٹیم چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق کی سربراہی میں برطانوی شہر مانچسٹر پہنچی جہاں سی ای او پی آئی اے کے جی ایم کوآرڈینیشن ذوالقرنین مہدی بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔واضح رہے کہ پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی ہٹنے کے بعد پہلی پرواز 14اگست سے چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔پی آئی اے کا 2 رکنی اعلی سطح کا وفد سی ای او پی آئی اے کی ہدا یت پر برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کی بحالی سے قبل انتظامات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریگا۔




