سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو)، اے سی جنرل، اے سی ریونیو اور سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شرکت کی۔اجلاس میں رواں مالی سال کے دوران ریونیو واجبات کی وصولی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے بھرپور مہم چلائی جائے اور کارکردگی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے واجب الادا کنڈونیشن فیس کی وصولی کے حوالے سے کمشنر نے تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اس حوالے سے تفصیلی اور جدول پر مبنی رپورٹ تیار کرکے ایک ہفتے کے اندر ان کے دفتر جمع کروائیں۔ کمشنر نے کہا کہ کنڈونیشن فیس کی مد میں بھاری رقم تاحال واجب الادا ہے، جس کی وصولی کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بعض ہاؤسنگ سوسائٹیز کی طرف سے کنڈونیشن فیس کی عدم ادائیگی پر اْن کی خرید و فروخت بند کر دی گئی ہے اور متعلقہ کھیوٹ بھی بلاک کر دیے گئے ہیں تاکہ معاملات کی یکسوئی تک سرکاری ریکارڈ محفوظ رہے۔کمشنر سرگودہا نے چاروں اضلاع میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سرکاری اراضی کے شامل ہونے کے حوالے سے رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ جمع کروائیں، جن پر متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کاؤنٹر دستخط کریں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ بورڈ آف ریونیو کی پالیسی پر مکمل عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔




