آئندہ خیبرپختونخوا میں (ن) لیگ کی حکومت ہو گی

شیخوپورہ(نامہ نگار) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ خیبر پختونخوا میں حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی، 5اگست کو احتجاج کرنے والے ٹولے کو پہلے کی طرح منہ کی کھانا پڑے گی، شاہ محمود قریشی کی بریت کسی ڈیل کا حصہ نہیں عدالتوں میرٹ پر فیصلے کر رہی ہیں۔اپنے آبائی حلقے شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں آئندہ حکومت پاکستان مسلم .لیگ (ن) بنائے گی، 5اگست کو احتجاج کرنے والے ٹولے کو پہلے کی طرح منہ کی کھانا پڑے گی،جبکہ جیل کے اندر بیٹھ کر بھی بانی پی ٹی آئی کہتا ہے ہم نے احتجاج کرنا ہے چڑھائی کرنی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کی بریت کسی ڈیل کا حصہ نہیں عدالتوں میرٹ پر فیصلے کر رہی ہیں، سزائوں کا مسئلہ عدالتوں کا مسئلہ ہے لیکن جو نو مئی کا واقعہ ہے وہ ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار ڈائیلاگ کی بات کی پرائم منسٹر لیول پر مگر وہ مذاکرات کے لیے تیار ہی نہیں ہیں، جب پی ٹی آئی کی سیاست میں انٹری ہوئی ہے اس کو مخصوص ادارے کی سپورٹ حاصل تھی، 2014ء کا دھرنا اس کی مثال ہے۔رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پہلی بار سیکورٹی کونسل کی صدارت اسحاق ڈار نے کی ہے جو اعزاز کی بات ہے، پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی تاریخ کی بہترین خارجہ پالیسی ہے، ہمارا ازلی دشمن اس وقت تن تنہا ہے سوائے اسرائیل کے کوئی ملک اس کے ساتھ نہیں کھڑا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی مہنگائی 4فیصد پر آ گئی ہے انشااللہ اس کو اور نیچے لے کر آئیں گے، چینی مہنگی کے معاملے پر 80فیصد وہ لوگ شور مچا رہے ہیں جو خود کمرشل استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں ہمارے لوگ واپس آ رہے ہیں نوابزادہ محسن کی بھی وزیراعظم سے سنا ہے ملاقات ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں