لکی مروت (نامہ نگار) پاکستان میں پولیو کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، مزید 3نئے کیسز کی تصدیق ہو گئی۔پاکستان میں پولیو وائرس ایک بار پھر خطرناک حد تک پھیلنے لگا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبرپختونخوا میں دو جبکہ سندھ میں ایک نئے پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور لکی مروت سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ سندھ کے ضلع عمرکوٹ میں بھی ایک بچہ پولیو وائرس کا شکار پایا گیا ہے۔رواں سال کے دوران پولیو کیسز کی تعداد 17ہو گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس کے پھیلا پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم مسلسل کیسز سامنے آنا قومی صحت عامہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو وائرس کمزور قوتِ مدافعت والے بچوں کو نشانہ بناتا ہے۔محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو ہر بار پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔




