FDAانفورسمنٹ ٹیم کی کارروائیاں،2غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچے مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہائوسنگ، تجاوزات اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ستیانہ روڈ پر دو غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار، دفاتر کو سر بمہر، علامہ اقبال کالونی میں پختہ تجاوزا ت کا صفایا اور مدینہ ٹائون میں ناجائز تعمیرات و غیر قانونی کمرشلائزیشن پر دس پلاٹس کو سربمہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں بلڈنگ لاز اور لینڈ سب ڈویژن پر عملدرآمد کے حوالے سے انسپکشن کی تو ستیانہ روڈ پر دو ہائوسنگ سکیموں بلاسم ایونیو اور پام سٹی کو غیر قانونی پایا جن کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا جبکہ مدینہ ٹائون میں غیرقانونی کمرشلائزیشن اور ناجائز تعمیرات کی پاداش میں دس پلاٹس کو سربمہر کرنے کے علاوہ علامہ اقبال کالونی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پختہ دھڑوں، ریمپس اور دیگر ناجائز تعمیرات کا صفایا کردیاگیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام اور رہائشی جائیدادوں کو کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے لئے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں