ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے،کمشنر مریم خان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویژن میں صفائی کی مجموعی صورتحال اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے ڈویژ نل کمشنر مریم خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عامر رضا، سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی روئوف احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر) طیب سمیع شریک ہوئے جبکہ چنیوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کمشنر مریم خان نے واضح ہدایت دی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے اور جو کنٹریکٹرز ناقص کارکردگی دکھا رہے ہیں ان کے معاہدے منسوخ کر دیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ غفلت، لاپرواہی یا کام چوری میں ملوث مانیٹرنگ افسران کو ملازمتوں سے برخاست کیا جائے گا۔انہوں نے سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ خود تمام اضلاع کے دورے کریں اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیں۔اسسٹنٹ کمشنرز کو ناقص صفائی کی جیو ٹیگنگ کے ذریعے نشاندہی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔کمشنر نے زور دیا کہ ڈور ٹو ڈور کلیکشن کو100 فیصد یقینی بنایا جائے اور کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کے ساتھ ہر گلی محلے میں صفائی نظر آنی چاہیے۔انہوں نے فیلڈ سٹاف کی حاضری و کارکردگی کی سخت مانیٹرنگ اور روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ رپورٹس طلب کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔مزید برآں کمشنر نے جدید مشینری کے استعمال، مؤثر نگرانی اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام عوامی مفاد کا منصوبہ ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں