خوف کی علامت تیندوا مارا گیا

جہلم ویلی(نامہ نگار) جہلم ویلی میں خوف کی علامت بننے والا تیندوا مارا گیا۔آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کی لائن آف کنٹرول سے متصل علاقے پانڈو میں انسانی آبادی پر حملہ کرنے والے خونخوار تیندوے کو بالآخر ہلاک کردیا گیا۔خونخوار تیندوے کی دہشت کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا، 2روز قبل تیندوا 8سالہ بچی کو گھر کے صحن سے اٹھا کر لے گیا تھا، جس کی لاش بعد ازاں کھیتوں سے برآمد ہوئی تھی، گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں تیندوے کے حملے سے 17سالہ نوجوان مدثر علی زخمی ہوگیا تھا۔تیندوے کی ہلاکت کی خبر جنگل کے کنارے واقع گائوں ڈبراں سمیت پورے علاقے میں سکھ اور اطمینان کا باعث بنی، مقامی افراد نے پاک فوج کی بروقت اور موثر کارروائی پر شکریہ ادا کیا اور سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔واضح رہے کہ یہ واقعہ ایل او سی کے قریبی علاقے پانڈو سیکٹر میں پیش آیا جہاں پاک فوج کی تعینات ٹیم نے تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے درست نشانے پر گولی چلا کر اسے ہلاک کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں