40ممالک کے لیے سری لنکن ویزا فیس ختم

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی ایشیائی ملک کا 40ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا۔سری لنکا کے وزیر سیاحت وجیتھا ہیراتھ نے کہا کہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے سیاح جلد ہی بغیر ویزا فیس کے جزیرے میں داخل ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنا، دفتری رکاوٹوں کو کم کرنا، اور یہ پیغام دینا ہے کہ سری لنکا سیاحت کے لیے کھلا ہے۔ ہیراتھ نے کہا کہ ویزا فیس ختم کرنے سے حکومت کو تقریبا 66ملین ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے لیکن سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے معاشی فوائد اس نقصان کی تلافی کر دیں گے۔ ویزا فیس کی چھوٹ مارچ 2023میں شروع کیے گئے ایک چھوٹے پروگرام کی توسیع ہے جس کے تحت بھارت، چین، اور روس سمیت سات ممالک کے سیاحوں کو پہلے سے الیکٹرانک ٹریول اتھرائزیشن کے ذریعے 30دن کے مفت ویزے دیے گئے۔ اب تک جنوبی ایشیا سے باہر کے زیادہ تر سیاحوں کو مختصر قیام کے ویزے کے لیے 50سے 60ڈالر ادا کرنے پڑتے تھے۔ سری لنکا نے 2025میں 30لاکھ سیاحوں کو راغب کرنے اور سیاحت سے 5ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کرنے کا ایک بلند ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ 2024میں 2.05ملین سیاحوں اور تقریبا 3ارب ڈالر کی آمدنی سے ایک بڑا اضافہ ہے۔ ہاسپیٹیلٹی کمپنی آئی لینڈ لائف، سری لنکا کے منیجنگ ڈائریکٹر امرت راجاراتھنم نے کہا، “یہ اقدام سری لنکا کو زیادہ قابل رسائی اور مسابقتی منزل بنانے کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔ اگرچہ یہ 2025کے 30لاکھ سیاحوں کے ہدف کو مکمل طور پر پورا نہ کر سکے لیکن اس سے سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ عالمی سطح پر سیاحت پر مبنی ممالک کا موجودہ رجحان ویزا فری فارمیٹ کو اپنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں