ڈی جیFDAکی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ستیانہ روڈ پر دو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی اور موقع پر ان کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ نے مختلف علاقوں میں ہائوسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو ستیانہ روڈ پر چک نمبر239 رب اور چک نمبر226 رب کی اراضی پر پیرامائونٹ سٹی اور ٹیک ٹائون فیز فور کے ناموں سے غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش کی جا رہی تھی جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا اور ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کر کے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصور واروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کومطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرتے ہونے سے قبل اسکی قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں