دور حاضر کے تقاضوں کے مدنظر سمارٹ کلاس روم تدریسی نظام اپنانا ناگزیر ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دورحاضر کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سمارٹ کلاس روم تدریسی نظام کو اپنانا ناگزیر ہے تاکہ طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں اور قابلیت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ٹی ٹی گلوبل دبئی کی معاونت سے زرعی یونیورسٹی کو 45سمارٹ سکرین اور 16پروجیکٹر فراہم کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ پراجیکٹ ٹی ٹی گلوبل کی علم دوست پالیسی کے تحت ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین راشد منہاس، ممبرٹی ٹی گلوبل سلیم اختر اور چیئرمین شعبہ انٹومالوجی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر وسیم اکرم کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ٹی ٹی گلوبل کو اس احسن اقدام پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ قدم تعلیمی نظام میں جدت کی بدولت قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دورحاضر میں ہائبرڈ تدریسی طریقہ کار رواج پا رہا ہے جس سے نہ صرف ہم قومی بلکہ بین الاقوامی اساتذہ سے بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تعلیم میں جدت کو فروغ دینے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے تاکہ طلبہ کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ راشد منہاس نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے نہ صرف تعلیمی میدان میں بہتری آئے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ زراعت میں جدت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملکی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ سلیم اختر نے یونیورسٹی میں جاری منصوبہ جات کو سراہا۔ ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ بہترین افرادی قوت کی فراہمی ہی روشن مستقبل کی ضامن ہے اور جامعہ زرعیہ اپنے معیار تعلیم اور قابل قدر تحقیقی منصوبہ جات کی بدولت دنیا بھر میں عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔ انہوں نے ٹی ٹی گلوبل اور ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن کا اس تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے مذکورہ وفد کے ساتھ مزید ڈیجیٹیلائزیشن اور سمارٹ ایگریکلچر کے مستقبل کے منصوبہ جات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ٹی ٹی گلوبل اور ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن مزید منصوبہ جات میں بھی یونیورسٹی کی بھرپور معاونت کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں