فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈ سٹری کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے کہا ہے کہ حکومت کو رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کی فوری ترقی کیلئے ضروری سہولتیں اور مراعات دینی چاہئیں تا کہ نہ صرف اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے زبرد ست پوٹینشل سے فائدہ اٹھایا جا سکے بلکہ گھروں کی قلت پر بھی قابو پایا جا سکے۔ وہ آج ڈی ایچ اے بہاولپور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈ ئیر محمد نوید اقبال کی سربراہی میں فیصل آباد چیمبر کاد ورہ کرنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے وفد کا خیر مقدم کیا اور سرمایہ کاری کے حوالے سے انہیں فیصل آباد کے کردار بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومت کے اڑان پاکستان منصوبے کو سراہا اور کہا کہ اگر ساز گار ماحول اور مستقل اور پائیدار پالیسیاں رائج کی جائیں تو رئیل اسٹیٹ کا شعبہ تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشکل حالات کے باوجود چیمبر کی رئیل اسٹیٹ بارے قائمہ کمیٹی کے ار کا ن بہت جلد ڈی ایچ اے بہاولپور کا دورہ کریں گے۔




