لاہور (بیورو چیف)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ صحت و آبادی نے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اب صحت سے متعلق تمام منصوبوں کی پیش رفت اور نتائج کی نگرانی محکمہ کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے کی جائے گی۔اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ صحت کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیئرمین پی اینڈ ڈی نعیم رؤف، سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 145 ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں (ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو) کو آکسیجن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 13 نئے فیڈرز قائم کیے جائیں گے، جس سے ان ہسپتالوں کو ماہانہ 44 ہزار سے زائد آکسیجن سلنڈرز دستیاب ہوں گے۔




