فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد ڈویژن کی سطح پر ”ستھرا پنجاب پروگرام” میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز اور متعلقہ کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ کمشنر فیصل آباد مریم خان کی زیر صدارت اجلاس میں لیا گیا۔ کمشنر نے واضح ہدایت جاری کی کہ یونین کونسلز میں صفائی کا پلان نمایاں جگہوں پر فوری آویزاں کیا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ6 ماہ کے دوران صفائی سے متعلق34,569 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے34,329 شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔ کمشنر نے مساجد کے ذریعے صفائی شکایات نمبرز اور ایپ کے استعمال سے متعلق اعلانات کرانے کی ہدایت بھی جاری کی۔مریم خان نے شہریوں کے اعتماد کو ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کی دلیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونین کونسلز میں ہیلپ لائن نمبرز اور ایپ لنک والے پینا فلیکسز نمایاں انداز میں لگائے جائیں۔کمشنر نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) سے آئندہ ایک ماہ کے لئے شجر کاری کا عملی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری کاغذوں پر نہیں بلکہ زمینی حقیقت پر نظر آنی چاہیے۔اجلاس میں فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، سی سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈی جی پی ایچ اے و دیگر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں شجر کاری، ستھرا پنجاب مہم اور چینی کی طلب و رسد کے امور بھی زیر غور آئے۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ چینی کی فروخت نوٹیفائیڈ نرخوں پر ہر صورت یقینی بنائی جائے۔




