فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی 430 طالبات اب تک اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپ سے مستفید ہو چکی ہیں جن کی مجموعی مالیت 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔ گزشتہ روز ایک تقریب میں 57 طالبات کو اسکالرشپ اسناد دی گئیں۔ اس حوالے سے اسکاٹش گورنمنٹ کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کے انکلوسیو ایجوکیشن لیڈ جیمز مک نلٹی، برٹش کونسل کے ایجوکیشن اینڈ اسکلز کے حمزہ سلیم اور اسکاٹ لینڈ اسکالرشپ اسکیم کی پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ارم امین نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات کی اور اسکالرشپ اسناد تقسیم کیں۔ ملاقات میں طلبہ کے ٹریننگ پروگرامز، ٹرینرز کی تربیت کے مواقع، سپلائی چین، فوڈ سرٹیفکیشن اور فوڈ سکیورٹی و زرعی ترقی کے دیگر شعبہ جات میں اشتراک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جیمز مک نلٹی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں ان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور وہ طلبہ کو اپنی فیلڈز میں آگے بڑھنے کے لیے وظائف کی صورت میں بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپس پاکستانی خواتین کے لیے کسی بھی ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی میں گریجویٹ تعلیم کے لیے مالی امداد فراہم کرتی ہیں۔ اس اسکیم کا مقصد خواتین کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں مدد فراہم کرنا اور ان کے خوابوں کی تعبیر ممکن بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اسکالرشپ معیاری تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وظائف طالبات کو زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے بے شمار مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ مختلف چیلنجز سے دوچار ہے جن سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اور تربیت یافتہ افرادی قوت ناگزیر ہے تاکہ فوڈ سکیورٹی اور زرعی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں داخل ہونے والے بیشتر طلبہ کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے۔ بحیثیت برصغیر کی قدیم زرعی دانش گاہ ہم زرعی مسائل کو سائنسی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ برٹش کونسل کے حمزہ سلیم نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو تعلیم، اہلیت اور مہارتوں کے ذریعے ان کے مستقبل کو سنوارنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس اینڈ یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ ڈاکٹر نازیہ احسن نے کہا کہ بیشتر طالبات کا تعلق کم آمدنی والے گھرانوں سے ہے اور ان کے لیے تعلیمی اخراجات برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے یونیورسٹی وفاقی و صوبائی حکومتوں، بین الاقوامی ڈونرز اور مخیر حضرات کے مالی تعاون سے مستحق طلبہ کو وظائف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ تعلیم کا سفر جاری رکھتے ہوئے کامیابیوں و کامرانیوں کی منازل سے ہمکنار ہوں۔ تقریب میں سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر افتخار احمد، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر عمران ارشد، ڈاکٹر راؤ زاہد عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقار اکبر خاں، اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر شہروز ریاست اور دیگر نے شرکت کی۔




