فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد سے سزا پانے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی سمیت 195کارکنوں کی گرفتاری کیلئے فہرستیں پولیس کے حوالے کر دی گئیں جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لئے چھاپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا’گزشتہ رات کئی رہنمائوں کو گھروں پر چھاپے مارے گئے مگر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ حکمران جماعت کے شکست کھانے والے امیدواروں نے دوبارہ ضمنی الیکشن لڑنے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں۔ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج عابد عباس سپرا نے سزا یافتہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ عمر بلال اور ایس ایس پی لائلپور ٹائون ناصر جاوید کو فہرستیں بھجوا دیں۔ یاد رہے کہ فیصلہ سنائے جانے کے وقت پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اور کارکن عدالت میں موجود نہیں تھا۔ خصوصی عدالت کے فیصلہ کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب’ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز’ زرتاج گل’ صاحبزادہ حامد رضا سمیت 195کارکنوں کو 10،10 سال قید’ جنید افضل ساہی کو 3سال قید کی سزا سنا دی جبکہ فواد چوہدری’ زین قریشی اور خیال کاسترو سمیت 88ملزموں کو بری کر دیا، فیصلے کے وقت پی ٹی آئی کی لیڈرشپ اور ورکر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ تھانہ سول لائن پولیس نے حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے الزام میں 185افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جاوید اقبال شیخ نے فیصلہ سناتے ہوئے اس کیس میں 108مجرموں کو سزا سنائی جبکہ 77کو بری کر دیا، اس کیس میں بانی پی ٹی آئی’ شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ٹرائل ابھی مکمل نہیں ہوئے۔ تھانہ غلام محمد آباد کا محاصرہ کرنے اور آگ لگانے کی کوشش کے کیس میں عدالت نے 60مجرموں کو 10،10 سال قید جبکہ 7ملزمان کو بری کر دیا۔ تھانہ سول لائن پولیس کے ایک اور کیس میں انسداد دہشٹ گردی کی عدالت نے 28مجرموں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ چار ملزمان کو بری کر دیا گیا۔ سزا پانے والوں میں چوہدری محمد آصف’ ایم این اے رائے حیدر خان’ حبقوق گل’ علی احمد’ کنول شوزب’ رائے حسن نواز’ رائے مرتضیٰ اقبال’ شکیل خان نیازی’ عظیم اﷲ خان’ مہر محمد جاوید’ شیخ راشد شفیق’ فرح آغا’ فرخندہ کوکب’ محمد اشرف خان ودیگر شامل ہیں۔




