جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ تھانہ بلوچنی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ میں 3دن قبل دوران ڈکیتی شہری کو قتل کرنیوالا 1ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا’ 3ساتھی فرار ہو گئے،پولیس نے ہلاک ہونیوالے ڈاکو کی لاش کے قریب سے شہری سے چھیننی گئی موٹر سائیکل مال مسروقہ اور 30بور پسٹل قبضہ میں لیکر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بلوچنی پولیس کو کال موصول ہوئی تھی کہ چک نمبر 90ر-ب کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے شہری سے موٹر سائیکل اور نقدی چھین لی ہے جس پر پولیس نے ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی پولیس نے ناکہ بندی پر موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا تو مبینہ ڈاکوئوں نے قریبی فصلوں میں چھپ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی مبینہ پولیس مقابلہ کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ بلوچنی اعجاز رشید نفری کے ہمراہ پہنچ گئے پولیس کے مطابق مبینہ مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے 1ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اسکے 3ساتھی فرار ہو گئے ہلاک ہونیوالے ڈاکو کی شناخت عرفان عرف مانی ولد محمد حسین ساکن 322گ ب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ڈاکو نے 3دن قبل ساتھیوں کے ہمراہ دوران ڈکیتی فائرنگ کرکے شہری کو قتل کیا تھا، پولیس نے ہلاک ہونیوالے ڈاکو کی لاش کے قریب سے شہری سے چھیننی گئی موٹر سائیکل مال مسروقہ اور 30بور پسٹل قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کر دی ہے۔۔دریں ثنائ۔ گوجرہ ( نامہ نگار) نواں لاہور کے علاقہ میں دواور مبینہ ڈاکواپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا۔معلوم ہواہے کہ سی سی ڈی پولیس تھانہ نواں لاہور کے چک نمبر414ج ب پل نہر جھنگ برانچ کے قریب گشت پر موجود تھی کہ موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مشکوک افرادنے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ کانسٹیبل وسیم اصغر شدید زخمی ہو گیاجبکہ پولیس نے بھی ڈاکوئوں کا تعاقب جاری رکھتے ہو ئے حفاظت خود اختیار ی کے تحت فائرنگ کی اور مذید پولیس نفری طلب کی گئی فائرنگ رکنے پر سرچ آپریشن کیاگیا تواپنے ہی ساتھیوں کہ فائرنگ سے دو ملزمان زخمی حالت میں پائے گئے جن کے نام محمد جاوید ولد گل تمازخان سکنہ لاہور اورفیصل خان ولد جمیل خان سکنہ فیصل آبادجوکہ مختلف مقدمات میں ریکارڈ یافتہ بیان کئے گئے جبکہ دو فرارہو نے میں کامیاب ہو گئے زخمی ڈاکوئوں کو فوری طور پررورل ہیلتھ سنٹر نیا لاہور منتقل کیاگیاجہاں وہ ہلاک ہو گئے۔پولیس نے فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ہلاک ہو نے والے ڈاکوئوں اور ان کے فرارہو نے والے ساتھیوںکے خلاف سی سی ڈی پولیس نے مقدمہ درج کر لیاہے۔




