چینی مہنگی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن،62افراد گرفتار،21دکانیں سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چینی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز کی گئی کارروائیوں کے دوران چینی مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجموعی طور پر4 لاکھ55 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کئے۔ اس دوران 62 افراد کو گرفتار،21 دکانوں کو سیل جبکہ 2 مقدمات بھی درج کروائے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ چینی کی سرکاری طور پر مقرر کردہ قیمت پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمت سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کر نیوالے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ فوری کاررو ا ئی عمل میں لائی جا سکے۔ عوامی مفاد کے تحفظ کیلئے انتظامیہ پوری طرح سرگرم عمل ہے اور کسی کو قانون سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں