کمبوڈیا نے بھی ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کر دیا

پنوم پن (مانیٹرنگ ڈیسک) کمبوڈیا نے سرحدی کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ کے ساتھ حالیہ سرحدی کشیدگی کے خاتمے میں ٹرمپ کا کردار قابلِ ستائش ہے۔نائب وزیر اعظم نے ٹرمپ کی جانب سے امن کے فروغ، تجارتی سہولتوں میں رعایت اور برآمدی ٹیکس میں کمی جیسے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا کی ملبوسات اور جوتوں کی صنعت پر عائد ٹیکس کو 49فیصد سے کم کرکے 19فیصد کرنا بھی ایک خوش آئند قدم ہے۔یاد رہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان حالیہ کشیدگی میں 43افراد ہلاک اور 3لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے تھے۔ اس دوران صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے رہنماں سے براہ راست رابطہ کر کے امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو امن سے مشروط کیا۔بعد ازاں، ملائیشیا میں ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک غیر مشروط جنگ بندی پر متفق ہو گئے۔ مذاکرات میں تھائی لینڈ، کمبوڈیا اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم کے علاوہ امریکا اور چین کے سفرا بھی شریک ہوئے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور اسرائیل بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں