کانسٹیبل منشیات فروش نکلا،سوا کلو چرس سمیت پکڑا گیا

جڑانوالہ(نامہ نگار) کانسٹیبل منشیات فروش نکلا، پولیس نے پیٹی بند بھائی کو حراست میں لیکر سوا کلو چرس برآمد کرکے پابند سلاسل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے اختیارات سے تجاوز کرنے اور مبینہ طور پر منشیات فروشوں کی سرپرستی و فروخت میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف جزا اور سزا کا عمل جاری ہے مگر اسکے باوجود محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے چند پولیس اہلکار منشیات فروشی میں ملوث ہو چکے ہیں اور نوجوان نسل کو نشے کی لت میں مبتلا کرکے انکی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں تھانہ سٹی پولیس نے اسلام پورہ کے قریب ناکہ بندی کے دوران مشکوک شخص کو روک کر جامعہ تلاشی لی تو پکڑے جانیوالے شخص نے اپنا نام مظہر عباس ساکن چک نمبر 583 گ ب حال مقیم غوثیہ پارک جڑانوالہ بتایا،ذرائع کے مطابق پکڑا جانیوالا مظہر عباس پولیس کانسٹیبل ہے اور پولیس موبائل پر ڈرائیور کی ڈیوٹی سرانجام دیتا ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پکڑے جانیوالے مبینہ منشیات فروش پولیس کانسٹیبل نے اپنی رہائش گاہ کو چرس سپلائی کا ڈیرہ بنا رکھا تھا کہ سکول و کالج کے طلبا کو منشیات کی فروخت کیساتھ جگہ بھی فراہم کرتا تھا قبل ازیں بھی مذکورہ کانسٹیبل مبینہ طور پر منشیات فروشی کے الزام میں معطل ہو چکا ہے مگر دوبارہ بحال ہو کر من پسند سرکل میں تعیناتی کروا لیتا تھا پولیس کانسٹیبل کا منشیات فروشی میں ملوث ہونے پر عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان،آر پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے پولیس اہلکاروں کو نوکریوں سے برخاست کیا جائے پولیس تھانہ سٹی نے پکڑے جانیوالے منشیات فروش کانسٹیبل سے سوا کلو چرس قبضہ میں لیکر مقدمہ درج کرکے پابند سلاسل کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں