واٹس ایپ اکائونٹ ہیک ہو جائے توکیا کرنا چاہیے؟

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) فوربز کے مطابق دنیا بھر میں تقریبا تین ارب صارفین کے ساتھ اس وقت واٹس ایپ سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپ بن چکی ہے۔ یہ صرف دوستوں سے بات چیت کے لیے ہی نہیں بلکہ کاروبار اور دیگر کاموں کے لیے بھی بڑے پیمانے پر استعمال کی جاتی ہے،ایسے میں اگر کسی صارف کا واٹس ایپ ہیک ہوجائے تو اسے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،ہیکرز اس موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پیسے بٹورنے یا صارف کے کونٹیکٹ لسٹ (رابطہ نمبروں) کو دھوکہ دینے جیسے کام کر سکتے ہیں،یہ عمل عام طور پر سوشل انجینئرنگ، ویب ہیکنگ، سپائی ویئر یا کال فارورڈنگ کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے۔اگر آپ کا واٹس ایپ ہیک ہو جاتا ہے تو فوری طور پر مندرجہ ذیل اقدامات اٹھا کر نقصان کو روک سکتے ہیں یا پھر اسے کم کر سکتے ہیں۔جب آپ واٹس ایپ کا کنٹرول واپس حاصل کرلیں تو سب سے پہلے ان پیغامات کو ڈیلیٹ کریں جو ہیکر کی جانب سے بھیجے گئے ہوں۔اگر پروفائل فوٹو یا اکائونٹ کی تفصیلات تبدیل کی گئی ہیں تو انہیں اصل حالت میں بحال کریں ساتھ ہی چیک کریں کہ کہیں ہیکر نے کوئی نئے کونٹیکٹس تو شامل نہیں کیے اگر کیے ہیں تو انہیں حذف کریں۔ہیکر ممکنہ طور پر آپ کے فون میں ایسی ایپلی کیشنز انسٹال کر سکتے ہیں جو مزید صارفین کو نشانہ بنانے میں ان کی مدد کرتی ہیں۔اپنے تمام انسٹال شدہ ایپس کا جائزہ لیں اور جو ایپ آپ نے خود انسٹال نہیں کیے انہیں فورا ڈلیٹ کر دیں۔واٹس ایپ اکائونٹ ایک سے زائد ڈیوائسز پر چلایا جا سکتا ہے۔آپ کو چیک کرنا چاہیے کہ آپ کا اکائونٹ آپ کی موبائل کے علاوہ کسی دوسری ڈیوائس میں لاگ اِن تو نہیں ہے۔اس کے لیے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر لنکڈ ڈیوائسز پر کلک کر کے ڈیوائسز کی تفصیل دیکھی جا سکتی ہے۔ممکن ہے کہ آپ کے دوستوں یا اہل خانہ کو ہیکر کی طرف سے بھیجے گئے پیغامات موصول ہوئے ہوں۔ان میں ذاتی معلومات، لنکس، یا واٹس ایپ ویری فکیشن کوڈ مانگے گئے ہوں۔ اپنے تمام کونٹیکٹس کو فوری طور پر اطلاع دیں کہ ان پیغامات کو نظرانداز کریں اور کسی بھی قسم کی معلومات شیئر نہ کریں۔مستقبل کے لیے سکیورٹی اقدامات کریں۔ اس کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز میں جا کر اکائونٹ اور پھر ٹو سٹیپ ویریفیکیشن پر کلک کریں۔ وہاں ایک پرسنل پن کوڈ مقرر کریں۔ مزید تحفظ کے لیے پروفائل فوٹو اور معلومات کو صرف اپنے کونٹیکٹس تک محدود کریں۔واٹس ایپ اکائونٹ کی بحالی نسبتاً آسان عمل ہے۔ اس کے لیے صارف کو واٹس ایپ میں لاگ ان کرتے وقت اپنا نمبر درج کرنا ہوگا جس پر ایک چھ ہندسوں کا کوڈ ایس ایم ایس یا کال کے ذریعے موصول ہوگا۔اس کوڈ کی مدد سے صارف دوبارہ اپنے اکائونٹ کی رسائی حاصل کر سکتا ہے۔چونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس پر کام کرتا ہے اس لیے صارف کے لاگ ان ہوتے ہی ہیکر خود بخود لاگ آٹ ہو جائے گا۔ اگر ہیکر نے ٹو سٹیپ ویریفیکیشن (دو سطحی تصدیق) فعال کی ہوئی ہو اور آپ کو وہ کوڈ موصول نہ ہو رہا ہو تو پھر آپ کو سات دن تک انتظار کرنا ہوگا جس کے بعد بغیر کوڈ کے دوبارہ سائن ان ممکن ہو سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں