عوامی خدمات کی بہتری حکومت پنجاب کا بنیادی مشن ہے،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی سطح پر عوامی خدمات کے اداروں کی کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ صدف اکبر نے گوجرہ کے ٹی ایچ کیو ہسپتال اور میونسپل کمیٹی کا اچانک دورہ کیا۔ٹی ایچ کیو ہسپتال کے دورے کے دوران طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی، صفائی اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کیے۔دورے کے دوران گوجرہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جدید سی ٹی سکین مشین کا افتتاح بھی کیا گیا۔ یہ سہولت وزیراعلی پنجاب کے وژن “صحت گھر کی دہلیز پر” کے تحت فراہم کی گئی ہے۔ اب گوجرہ کے شہریوں کو سی ٹی سکین کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، کیونکہ یہ جدید مشین مقامی سطح پر دستیاب ہو چکی ہے۔بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں شہری سہولیات، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میونسپل عملے کو ہدایت دی گئی کہ شہریوں کو بلاتعطل اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔جشنِ آزادی اور “معرکہ حق” تقریبات کے سلسلے میں جاری شجرکاری مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے میونسپل کمیٹی کے احاطے میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کی علامت ہے بلکہ آزادی کے جذبے کو بھی تازہ کرتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سرسبز پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہر شہری کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمات کی بہتری حکومت پنجاب کا بنیادی مشن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں