مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ ماہیے شاہ قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈکیت نبیل عرف بلی اپنے انجام کو پہنچ گیا جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اسکے فرا ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سی سی ڈی لائلپور ڈویژن کے انچارج حسن صدیق چیمہ نے اپنے ماتحت عملہ کے ہمراہ تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ ماہیے شاہ قبرستان جنازگاہ کے قریب چھاپہ مارا تو وہاں پر چھپے ہوئے مسلح ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ پر مذکورہ افراد نے قبرستان کے قریب چھپ کر فائرنگ جاری رکھی۔ تاہم کچھ دیر فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ایک نوجوان زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ڈاکو کی شناخت نبیل عرف بلی ولد بشیر احمد کے نام سے ہوئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ڈاکو کی شناخت نبیل عرف بلی سکنہ 163رب بلگن کے نام سے ہوئی ‘ مارے جانیوالا ڈکیتی’ چوری ‘راہزنی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے 50مقدمات کا ریکارڈ یافتہ اور سال 2023میں پولیس مقابلہ کے دوران ڈولفن اہلکار آکاش کو فائر مار کر زخمی کرنے سمیت ڈکیتی و راہزنی کی 100سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا کر اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں