کمالیہ(نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی کمالیہ کی ماہِ جولائی 2025کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایا ت پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ٹوبہ ٹیک سنگھ یاسر مشتاق کی نگرانی میں شہر بھر میں حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔جولائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیمز نے 3437انسپکشنز کیں، جن کے نتیجے میں 13غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک تیار کرنے والے یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔ جبکہ ملاوٹ، جعلسازی اور غیر معیاری اشیا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف 6 مقدمات درج کیے گئے ۔ 474 کاروباری یونٹس کو صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر معیاری خوراک کی فروخت پر مجموعی طور پر 41 لاکھ 68 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔فوڈ اتھارٹی نے بہتری کے لیے 1475 یونٹس کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے ۔ کارروائیوں کے دوران 2615 لیٹر ملاوٹی و غیر معیاری دودھ، 27 من سے زائد بیمار و مردہ جانوروں کا گوشت، 24 کلو ملاوٹی مصالحے ، 82 کلو چائنا سالٹ، 91 لیٹر غیر معیاری مشروبات اور 230 کلو ایکسپائرڈ فوڈ آئٹمز تلف کر دیے گئے ۔ اس کے علاوہ جعلی پیکنگ میٹریل، ناقص چائے اور جعلسازی میں استعمال ہونے والی مشینری بھی ضبط کر لی گئی۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے ۔ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور ہماری فوڈ سیفٹی ٹیمز اس مقصد کے لیے دن رات متحرک ہیں۔




