فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)کارگو کمپلیکس مکمل ہوتے ہی ترکش ائیر فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے کارگو سروس شروع کر دے گی۔ یہ بات ترکش ائیر لائنز کے کارگو آپریشن ہیڈ برائے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا مسٹر سریکان سونمیز نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ ہمیں معاشی تعاون کو بڑھانے کیلئے ایوی ایشن کے شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ترکش ائیر لائنز کا کارگو آپریشن کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے جاری ہے جبکہ اگلے مرحلہ میں فیصل آباد سے بھی یہ سروس شروع کی جاسکتی ہے۔ انہوںنے ترکش ائیر لائنز کے IMCپراجیکٹ بارے بھی بتایا جس کے تحت فضائی سروس کے ساتھ ساتھ بحری اور سڑک کے ذریعے بھی سامان کی نقل وحمل کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند دہائی قبل تک فیصل آباد صرف ٹیکسٹائل کی وجہ سے پہنچانا جاتا تھا مگر اب یہاں ٹائلز ، آٹو موبائلز، موبائل فون ، فارماسوٹیکل اور دیگر صنعتوں نے بھی تیزی سے ترقی کی ہے جس کی وجہ سے یہاں سے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد سے ہفتہ میں40ٹن خشک کارگو کے علاوہ سیزن کے حوالے سے 60سے 70ٹن فروٹ اور سبزیاں وغیرہ بھی برآمدہوتی ہیں مگر یہاں کارگو کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے اُن کی ائیر شپمنٹس دوسرے شہروں کے ذریعہ بھیجی جاتی ہیں۔ فیصل آباد ائیر پورٹ کی منیجر محترمہ تسنیم اختر نے کہا کہ وہ یہاں سے شروع ہونے والی پروازوں کے مسافروں اور کارگو کا پورالوڈ فراہم کرنے کا یقین دلاتی ہیں۔ سوال و جواب کی نشست میں فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین مزمل سلطان، پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے کاشف ضیائ، آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررزایسوسی ایشن کے انجینئر بلال جمیل ، ٹریول ایسوسی ایشن کے ندیم اقبال اور ریحان اشفاق نے حصہ لیا جبکہ ترکش ائیر لائنز کے جعفر حسین ریجنل منیجر کارگو پنجاب اورثاقب کریم ریجنل کارگو منیجر اسلام آباد نے مختلف سوالوں کے جوابات دیئے۔ آخر میں نائب صدرشاہدممتازباجوہ نے مہمانوںکا شکریہ اداکیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے مسٹر سریکان کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ ترکش ائیر لائنز کے کارگو آپریشن کے ہیڈ نے صدر چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو ترک ائیر لائنز کے جہاز کا ماڈل پیش کیا۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے بارے میں ایک دستاویز ی فلم بھی دکھائی گئی۔




