فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج مظفر خان نے پولیس کی وردیوں میں ملبوس ہو کر شہری کے گھر چھاپہ مار کر نوجوان کو اغواء کرنے والے مبینہ پولیس اہلکاروں کے خلاف 15روز میں رپورٹ طلب کر لی۔ سمال اسٹیٹ بھٹہ سٹاپ کی رہائشی بشریٰ بی بی نے رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے بتایا کہ 14جولائی کو علی الصبح پولیس وردیوں میں ملبوس 9افراد گھر میں داخل ہوئے اور 21گھنٹے تک محصور رکھا اور اس کے بیٹے فرید عباس کو اٹھا کر ساتھ لے گئے جاتے ہوئے گھر سے نقدی وقیمتی اشیاء بھی لے گئے اور بعدازاں فرید عباس کے عزیز جمیل احمد کو 17جولائی کو گرفتار کر کے مبینہ طور پر 50ہزار رشوت لیکر چھوڑ دیا۔ 19جولائی کو دوبارہ اس کے کم عمر بیٹے اخلاق احمد کو اٹھا کر اگلے روز 10ہزار لیکر اس کو بھی چھوڑ دیا۔ فاضل جج نے مذکورہ رٹ پٹیشن پر سی سی ڈی’ ایس ایس پی لائلپور ٹائون اور اقبال ٹائون سے رپورٹ طلب کی تو سی پی او کے فوکل پرسن نے تحریری جواب دیا کہ فرید عباس ان کی تحویل میں نہ ہے۔ تاہم فاضل جج نے پولیس کی رپورٹ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے آر پی او اور سی پی او کو ہدایت کی کہ اس معاملہ کی مکمل انکوائری کر کے 15روز کے اندر رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔




