آئل فیلڈ پر دہشتگردوں کا حملہ،4ایف سی اہلکار شہید

اسلام آباد (عظیم صدیقی) کرک میں دہشت گردی کا بڑا واقعہ، 4ایف سی اہلکار شہید، تحصیل بانڈہ دادشاہ، ضلع کرک کے گائوں امان کوٹ کے نزدیک گر گری آئل فیلڈ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکار شہید ہو گئے حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال ٹیری منتقل کر دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کا تعلق لکی مروت اور ٹانک سے بتایا جا رہا ہے۔ ایف سی اہلکار فیلڈ سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور تھے جب اچانک شدت پسندوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ سے قریب کھیتوں میں کام کرنے والے کسان بھی نشانہ بنے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ شہدا کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں۔ حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے اور عوامی حلقوں کی جانب سے اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں