21ہزار پاکستانی61ممالک کی جیلوں میں قید

اسلام آباد (بیوروچیف) وزارت اوورسیز پاکستانیز کی دستاویزات نے تصدیق کی ہے کہ اس وقت 61ممالک کی جیلوں میں 21ہزار 406پاکستانی قید ہیں۔رپورٹ کے مطابق 14پاکستانی سفارت خانوں نے قیدیوں کا مکمل ڈیٹا تاحال فراہم نہیں کیا گیا۔دستاویزات کے مطابق وہ ممالک جنہوں نے ڈیٹا فراہم کیا، ان میں سر فہرست سعودی عرب ہے جہاں سب سے زیادہ 10ہزار 423پاکستانی جیلوں میں قید ہیں، اس کے بعد متحدہ عرب امارات میں 5ہزار 297پاکستانی قید ہیں، اور ترکی کی جیلوں میں 1ہزار 437پاکستانی قید ہیں۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں 738پاکستانی قید ہیں۔ عمان میں 578، ملائیشیا 463، قطر 422، سری لنکا 112، افغانستان (85)، اور جنوبی افریقہ 75 شامل ہیں۔دستاویز کے مطابق امریکہ میں 65پاکستانی قید ہیں، جن میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی بھی شامل ہیں، جب کہ برطانیہ میں 23، آسٹریلیا میں 27، اور اسپین میں 42پاکستانی قید ہیں۔دیگر ممالک جن میں پاکستانیوں کی تعداد کم ہے، ان میں نیپال 19، بلغاریہ 11، ڈنمارک 21، بنگلہ دیش 1، ایران 4، اور عراق کی جیل میں 40پاکستانی قیدی موجود ہیں۔کچھ ممالک نے بالکل بھی پاکستانی قیدیوں کی اطلاع نہیں دی، جن میں ارجنٹائن، برازیل، کیوبا، گھانا، مراکش، میانمار، نیوزی لینڈ، روانڈا، سینگال، اور سنگاپور شامل ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ فرانس نے اپنے ڈیٹا کو مقامی پرائیویسی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے شیئر نہیں کیا، جب کہ جاپان میں 16پاکستانی قید ہیں لیکن ان میں سے 6کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔وزارت کے مطابق بیشتر پاکستانی سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں جرمانے نہ ادا کرنے کے باعث جیلوں میں قید کاٹ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں