پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کو فروغ دیا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ یہ بات پاکستان میں ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور سرمایہ کاری کیلئے مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرے گا ۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے پاکستان اور ترکی کے دوستانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ ان سے معاشی طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان مستقل بنیادوں پر تعلقات کے فروغ کیلئے فوری اقدامات اٹھانے پر بھی زور دیا اور اس سلسلہ میں پاکستان اور ترکی کے سنگل کنٹری ایکسپوز کے انعقاد کی تجویز دی۔ انہوں نے عرفان نذیر اوغلو کو فیصل آباد میں ترک سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں