کمالیہ (نامہ نگار)کرسچن کالونی میں سیوریج کے بگڑتے نظام نے مقامی اقلیتی برادری کے لیے شدید مسائل کھڑے کر دیے ہیں۔ مقامی قبرستان میں سیوریج لائنوں کا گندا پانی جمع ہونے لگا ہے ، جس سے نہ صرف قبروں کی بے حرمتی ہو رہی ہے بلکہ بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔اقلیتی رہنما اشرف جان سندھو نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دس سال سے چرچ روڈ کی سیوریج لائن مسلسل خراب ہے ، آئے روز بند رہتی ہے اور بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ حکام نے مسئلے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیوریج کا گندا پانی قبروں میں داخل ہو چکا ہے جس سے بزرگوں کی قبریں متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چرچ روڈ کے اطراف چار مسیحی عبادت گاہیں موجود ہیں، جہاں خوشی و غم کی تمام مذہبی تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔




