ریلوے ٹریک پر دھماکہ،جعفر ایکسپریس کی6بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

کوئٹہ(بیوروچیف) بلوچستان میں فتنہ الہندوستان نے چاروں صوبوں کو جوڑنے والی جعفر ایکسپریس پر دوبارہ حملہ کر دیا، 6بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ریلوے حکام نے بتایا کہ سپیزنڈ ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا جس سے جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیاں ڈی ریل ہو گئیں۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ دہشت گردوں کی جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے کی کوششیں بڑھتی جا رہی ہے، چند روز پہلے بھی جعفر ایکپریس کے ٹریک کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔اس سے قبل جعفر ایکسپریس کے پائلٹ انجن پر فائرنگ کی گئی تھی، اور اس سے پہلے فتنہ الہندوستان کے بلوچ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرتے ہوئے کئی مسافروں کو شہید اور یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا اور مسافروں کو بازیاب کرا لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں