خاتون کا11شوہروں کو قتل کرنے کاانکشاف

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی خاتون نے 22سال میں 11شوہروں کو قتل کرنے کا ہولناک انکشاف کر دیا۔ ایران وائر کے مطابق کلتھوم اکبری نامی خاتون جو مقامی میڈیا میں بلیک وِڈو کے نام سے مشہور ہے، اس پر الزام ہے کہ اس نے 22برس کے دوران اپنے 11شوہروں کو قتل کر کے ان کا مال و جائیداد ہتھیالی۔استغاثہ کے مطابق یہ سلسلہ سال 2000 میں شروع ہوا، ملزمہ مبینہ طور پر ضعیف العمر مردوں کو نشانہ بناتی، ان سے شادی کرتی اور پھر ذیابیطس کی ادویات، محرکات اور بعض اوقات صنعتی الکحل کے ذریعے آہستہ آہستہ زہر دے کر مار دیتی۔ عدالت میں بتایا گیا کہ ملزمہ اپنے نشانات مٹانے میں ماہر تھی، زیادہ تر اموات عمر اور بیماری کے باعث طبعی موت لگتی تھیں، جس کے باعث وہ طویل عرصے تک شک سے بچی رہیں۔اس سلسلے کا آخری شکار 2023 میں عزیزاللہ بابائی تھا، بابائی کے بیٹے کے شبہ نے پولیس کو تفتیش پر مجبور کیا، جس کے نتیجے میں کلتھوم اکبری کو گرفتار کر لیا گیا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزمہ نے 11 مردوں کو قتل کرنے اور ایک کو قتل کرنے کی کوشش کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ وہ ہر قتل کی منصوبہ بندی انتہائی باریکی سے کرتی، اپنے شوہروں کی صحت پر نظر رکھتی اور پھر ایسے وقت پر وار کرتی کہ کسی کو شک نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں