واسا سرگودھا 15اگست سے باضابطہ فعال ہوگا،ایم سی کا عملہ مشینری و گاڑیاں محکمہ واسا کے حوالے

سرگودہا(بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ضلعی ٹرانزیکشن کمیٹی کا ساتواں اجلاس ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں میونسپل کارپوریشن کے سیور اور واٹر سپلائی کے عملے، مشینری اور گاڑیوں کی واسا سرگودہا کو منتقلی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم سی کے 331 ملازمین کو واسا میں ضم کیا جا رہا ہے، جن میں واٹر سپلائی کے 83، ڈسپوزل کے 23 اور سیوریج کے 230 ملازمین شامل ہیں۔ سیوریج عملے میں 120 ریگولر اور 110 ورک چارج ملازمین شامل ہوں گے۔ اسی طرح 5 سکر مشین، ایک جیٹر مشین، چار وینچنگ مشین، آٹھ ڈی واٹرنگ سیٹ اور دو پک اپ گاڑیاں بھی واسا کو منتقل کی جائیں گی، جس کا تحریری معاہدہ 12 اگست کو ہوگا۔کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ واسا سرگودہا میں آئی ٹی، شکایات سیل اور دیگر دفتری عملے کی بھرتی بھی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ واسا 15 اگست سے باضابطہ طور پر کام شروع کر دے گا۔کمشنر جہانزیب اعوان نے بتایا کہ واسا اور ایم سی کے مابین ٹرانزیکشن کے تمام معاملات احسن انداز میں طے پا گئے ہیں، جو ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا سرگودہا کا قیام شہری سہولیات کی بہتری کی جانب حکومت پنجاب کا ایک اہم اور احسن اقدام ہے، جس سے نکاسی آب، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور شہری انفراسٹرکچر میں واضح بہتری آئے گی۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران اور میونسپل کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں