فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین مرکزی علماء کونسل، جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ و نائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ غزہ پراسرائیلی قبضہ فوری روکا جائے ۔ نیتن یاہو حکومت کی طرف سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھنے اور اپنے قبضے کو بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدام عالمی امن اور سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہیں۔ 20لاکھ آبادی رکھنے والے علاقے کو قحط کی طرف دھکیل دیا گیا ہے ۔غزہ میں اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں۔ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے فلسطینیوں کی غزہ میں نسل کشی اور تاریخ کے بدترین مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان مظالم اور پر تشدد کاروائیوں میں ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کی قیمتی جانیں لی گئی ہیں، جن میں خواتین، بچے ، طبی عملہ اور انسانی ہمدردی کے کارکن شامل ہیں۔اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ اسرائیل کی جانب سے بیت المقدس کے مفتی اعظم کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی غیر آئینی اور غیر اخلاقی ہے۔




