کمالیہ میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ،گلیاں بازار سج گئے

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ شہر کی گلیوں، بازاروں، تعلیمی اداروں اور گھروں کو سبز و سفید جھنڈیوں، قومی پرچموں اور روشنیوں سے خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے ۔ شہریوں میں یومِ آزادی کے حوالے سے جوش و خروش دیدنی ہے ۔ مرکزی بازاروں میں آزادی کے اسٹالز لگ چکے ہیں جہاں پرچم، بیجز، سبز و سفید چوڑیاں، کپڑے ، بچوں کے لباس، ماسک، اور دیگر قومی رنگوں سے مزین اشیا فروخت کی جا رہی ہیں۔ دکانداروں کے مطابق اس سال جشنِ آزادی کے لیے وافر مقدار میں اسٹاک منگوایا گیا ہے اور خریداروں کا رش روز بروز بڑھتا جا رہا ہے ۔ نوجوان اور بچے جوش و خروش سے آزادی کی مناسبت سے اشیا خرید رہے ہیں اور اپنے گھروں کو سجا رہے ہیں۔تعلیمی اداروں میں بھی تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جن میں ملی نغمے ، تقاریر، خاکے ، اور قومی پرچم کشائی کی تقریبات شامل ہیں۔ متعدد اسکولوں نے 14 اگست کے حوالے سے رنگا رنگ پروگرامز ترتیب دے دیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں