اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان کی خدمات کی برآمدات میں مالی سال 2025 کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ٹیلی کمیونی کیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کی بہتر کارکردگی کے باعث 8 ارب 39 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی خدمات کی برآمدات مالی سال 2025میں 9.23فیصد اضافے کیساتھ 8ارب 39کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے 7 ارب 68کروڑ ڈالر سے زیادہ ہیں۔پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ یہ اضافہ بنیادی طور پر ٹیلی کمیونی کیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کی بہتر کارکردگی کی بدولت ہوا ہے۔اگرچہ یہ اضافہ معتدل ہے، لیکن یہ خدمات کے شعبے میں مسلسل بحالی اور توسیع کی عکاسی کرتا ہے، جس میں فروری 2024سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، سوائے اگست میں 6.5فیصد کی عارضی کمی کے۔روپے کی مالیت میں، خدمات کی برآمدات مالی سال 2025 میں 7.86 فیصد بڑھ کر 2کھرب 34ارب 50کروڑ روپے ہو گئیں، جو گزشتہ سال 2کھرب 17ارب 40کروڑ روپے تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کرنسی کے اتار چڑھا کے باوجود رجحان مثبت ہے۔




