فیض بٹالوی روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار۔ آمدورفت میں مشکلات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیض بٹالوی روڈ سمندری روڈ لاوارث ہو گیا’ جگہ جگہ کھڈے پڑ گئے’ سیوریج کے گندے پانی نے ہر طرف بسیرا کر لیا’ لوگوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ ہونے لگیں’ پیدل چلنا بھر دشوار ہو گیا’ بار بار متعلقہ محکموں کو شکایت کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی’ ان خیالات کا اظہار فیض بٹالوی روڈ کے تاجر رہنماکاشف آزاد ‘ انجمن تاجران ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ نے احتجاجی مظاہرے کے موقع پر کیا’ انہوں نے کہا کہ فیض بٹالوی روڈ عرصہ دراز سے نوگوایریا بن چکا ہے’ اس روڈ پر موجود ملوں کے پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے سارا پانی سڑک پر جمع ہو جاتا ہے’ اس کے علاوہ سیوریج نالا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے’ جس کی وجہ سے سیوریج کا گندہ پانی مین نالے میں نہیں جا رہا’نالے چھوٹا اور سیوریج کے پانی کا پریشر بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے پانی کا سڑک پر کھڑا ہونا معمول بن چکا ہے’ گندے پانی نے فیض بٹالوی روڈ پرتباہی مچا رکھی ہے’ یہاں کے دکاندار اور رہائشی سخت اذیت میں مبتلا ہیں’ فیض بٹالوی کے تاجروں اور رہائشیوں نے ڈویژنل کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں اس مصیبت سے نجات دلائی جائے اور فیض بٹالوی روڈ کا وزٹ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا جائے’انہوں نے کہا کہ گندے پانی کی وجہ سے یہاں کے دکانداروں کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے’ علاقہ مکین گھروں میں قید ہو کر رہ گئے’ گندے پانی سے اٹھنے والے تعفن نے ہر طرف تباہی مچادی’ لوگ مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے’ سیوریج کے گندے پانی پر مچھروں نے ڈیرے جما لئے’ تاجروں کا کہنا ہے کہ اس روڈ کو ازسرنو تعمیر کیا جائے’ مل مالکان کو ملوں کے پانی کا مناسب انتظام کرنے پر مجبور کیا جائے اور سیوریج کی نئی لائنیں بچھا کرفیض بٹالوی روڈ کے تاجروں’ مکینوں اور گزرنے والوں کو اس مشکل اور پریشانی سے نجات دلائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں