کمالیہ(نامہ نگار)سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ڈاکٹر طارق سلیمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ اور قوم کا فخر ہے ۔ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کا دفاع کیا اور قوم کو تحفظ کا احساس دلایا۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ہوں یا قدرتی آفات کا سامنا، پاک فوج نے ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ آج کا پاکستان ہماری افواج کی لازوال قربانیوں کا مرہونِ منت ہے ۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو یہ باور کرانا چاہیے کہ وطن کی حفاظت اور ترقی میں فوج کا کردار ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند بیرونی اور اندرونی عناصر فوج اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کر کے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ پاکستانی عوام کو چاہیے کہ 14 اگست اور دیگر قومی مواقع پر نہ صرف آزادی کا جشن منائیں بلکہ فوج اور دیگر قومی اداروں کے ساتھ اپنی محبت اور یکجہتی کا بھی بھرپور اظہار کریں۔ ڈاکٹر طارق سلیمان نے عزم ظاہر کیا کہ جب تک ایک بھی سپاہی موجود ہے ، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والا اپنی انجام کو پہنچے گا۔




