17سالہ طالبہ نے ریاضی کی تھیوری غلط ثابت کر دی

نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک )17سالہ ہوم سکول طالبہ نے40سالہ پرانی ریاضی کی تھیوری غلط ثابت کردی، اس طالبہ کو براہ راست پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ مل گیا۔ریاضی کی دنیا میں طلبہ کے کارناموں کی بیشمار مثالیں موجود ہیں، لیکن کسی کم عمر طالبہ کا بغیر ڈگری حاصل کیے اس شعبے میں بنیادی نظریہ بدل دینا انتہائی نایاب واقعہ ہے۔ امریکہ سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ ہوم اسکول طالبہ ہنہ کائرونے 40 سال پرانے ریاضیاتی مفروضے میزوہاتا ٹیکوچی کونجیکچر کو غلط ثابت کر کے ماہرین کو حیران کردیا۔یہ مفروضہ ہارمونک اینالیسز کے شعبے میں ایک پیچیدہ سوال ہے جو مڑی ہوئی سطحوں پر لہروں کے رویے سے متعلق ہے۔ گزشتہ 4 دہائیوں میں متعدد ماہرین ریاضی نے اسے ثابت کرنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے۔ ہنہ نے اس کا حل تلاش نہیں کیا بلکہ ایک عملی مثال قائم کرکے یہ ثابت کر دیا کہ یہ مفروضہ درست ہی نہیں۔ہنہ کائرو کا تعلیمی سفر بھی منفرد ہے، وہ نہ ہائی اسکول سے فارغ التحصیل ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی انڈرگریجویٹ ڈگری ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں براہِ راست یونیورسٹی آف میری لینڈ کے ریاضی کے پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ دے دیا گیا ہے، یہ غیر معمولی کامیابی ریاضی کی دنیا میں ایک نئی مثال کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں