نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی اور بیٹا زخمی

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی اور بیٹا زخمی ۔ تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گھر میں سوئے میاں بیوی اور بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ ٹھیکریوالہ میں پیش آیا جہاں شبیر ولد نذیر احمد قوم آرائیں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گھر پر سو رہا تھا کہ اچانک نامعلوم ملزمان نے گھر کے دروازے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں محمد شبیر کے بائیں بازو اور ناف کے قریب گولیاں لگیں، اس کی اہلیہ بشری خانم کے دائیں پٹ پر اور ان کے بیٹے محمد احمد کو دائیں بازو اور سر کے اوپر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق تینوں افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق زخمی محمد شبیر نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ چند روز قبل اس کا وقاص ولد شبیر عرف کالیہ قوم آرائیں سکنہ 74 ٹھیکریوالہ کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا، اور اسے شبہ ہے کہ اسی رنجش کی بنا پر وقاص نے اس کے گھر پر فائرنگ کی ہے۔پولیس نے زخمی شبیر کے بیان کی روشنی میں ضروری کاروائی شروع کر دی جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاقہ میں اچانک فائرنگ کے اس واقعہ نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں