فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بشپ ہائوس میں یو م آزادی کے سلسلہ میں پروقار تقریب کاا ہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے بشپ ڈاکٹر اندریا س رحمت و دیگر مقررین نے کہا کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک کے باسی ہیں جہاں ہم اپنے تمام تر مذہبی عقائد کے ساتھ آزاد زندگی گزار رہے ہیں یہ تجدید عہد کا دن ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں کی لاکھوں قربانیوں کی یاد دلاتا ہے بحیثیت قوم ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیئے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی تما م تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے ملک پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے اور اقوام عالم میں اسے نمایاں مقام دلائیں گے۔ہمیں ہر قسم کے حالات ،مصیبتوں اوردرپیش پریشانیوں کا اجتماعی طور پر سامنا کرناہوگا کیونکہ ہم زندہ قوم ہیں اور قوموں پر جب مصیبت اور آزمائش آتی ہے تووہ مل جل کر اس کا مقابلہ کرتی ہیں۔اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور بشپ ہائوس سے ریلی نکالی گئی جوریل بازار سے واپس بشپ ہائو س پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ جس کی قیادت بشپ ڈاکٹر اندریا س رحمت ‘وکر جنرل فادر ظفر اقبال’ فادر یعقوب یوسف اور فادر خالد رشید عاصی نے کی ۔ بشپ ہائوس میں منعقدہ تقریب میں ملی نغمے پیش کئے گئے اور اختتام پر بشپ ڈاکٹر اندریا س رحمت نے ملکی سلامتی’خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعاکرائی ۔




