2قتل،نوجوان کی خودکشی،رشوت خورASIگرفتار

فیصل آباد/گوجرہ (سٹاف رپورٹر’نامہ نگار) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زمیندار ‘زمین کے تنازع پر نوجوان قتل’ حالات کے ستائے نوجوان نے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی’ رشوت لینے پر اے ایس آئی گرفتار’ فوڈ اتھارٹی نے احمد آباد میں ذبح خانہ پکڑ لیا’ صارفین کا فیسکو ٹیم پر دھاوا’ موبائل فون چھین کر ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق بلوچنی کے علاقہ 64رب کے رہائشی زمیندار عابد پرویز نے بتایا کہ اس کا بیٹا سجاول خان رات کو کھیتوں کو پانی لگا کر ڈیرہ پر آ کر سو گیا، نامعلوم افراد نے ڈیرہ پر آ کر فائرنگ کر کے بیٹے کو مزاحمت پر موت کے گھاٹ اتار دیا، گوجرہ کے نواحی گائوں چک نمبر420ج ب کے مجاہد حسین اور صادق وغیرہ کے مابین زمین کا تنازعہ چلا آرہاہے کہ فریقین میں جھگڑاہو گیا جس پرصادق وغیرہ نے مجاہد حسین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے جاں بحق ہو گیا۔جبکہ ملزمان موقع سے فرارہوگئے۔فریقین آپس میں رشتہ داربیان کئے جاتے ہیں۔تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ محلہ عثمان غنی میں گھریلو ومعاشی حالات کے ستائے نوجوان شکیل ولد سفیر نے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی’ تھانہ مدینہ ٹائون کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر غلام عباس نے متاثرہ شخص سے رشوت لیتے پکڑا گیا، جس کے خلاف تھانہ مدینہ ٹائون میں 155 سی کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسر احسن محمود گورائیہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ محلہ احمد آباد میں کامیاب چھاپہ مار کر غیر قانونی ذبح خانہ پکڑ لیا اور بھاری مقدار میں لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت برآمد کر کے ذبح خانہ کے مالک ذیشان کو حراست میں لیکر حوالہ پولیس کر دیا۔ علاوہ ازیں ایس ڈی او فیسکو بٹالہ کالونی سب ڈویژن اظہر اقبال نے بتایا کہ فیسکو ٹیم بجلی چوری کے خلاف مہم کے دوران پیپلزکالونی نمبر2 میں صارف رمضان کا میٹر چیک کیا تو وہ مشتعل ہو گئے اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فیسکو ٹیم پر دھاوا بول دیا۔ ہاتھا پائی ودست گریبان ہوتے ہوئے فیسکو ٹیم کے اعظم کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے موبائل فون چھین کر ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کار سرکار میں مزاحمت سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں