مہنگائی ،ناجائز منافع خوروں کیخلاف ضلعی انتظامیہ سرگودھا کی کارروائیاں

سرگودہا (بیوروچیف) ضلع سرگودہا میں مہنگائی پر قابو پانے اور ناجائز منافع خوری کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی رواں ماہ کی 17روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں مجموعی طور پر 93 ہزار 145 معائنہ جات کیے گئے، جن کے دوران گرانفروشوں اور نرخناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا گیا۔ کارروائی کے نتیجہ میں 13 لاکھ 57 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 17 مقدمات درج کیے گئے، 49 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر چھ کاروباری مراکز کو سیل کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مزید موثر اور فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کی شکایات متعلقہ انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ بروقت ایکشن لیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں