راشد منہاس کا نام فخر کی علامت کے طور پر محفوظ رہے گا

اسلام آباد (بیوروچیف) راشد منہاس (نشان حیدر) کی 54ویں برسی پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا نام قوم کی تاریخ میں ہمیشہ وفاداری، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر محفوظ رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ راشد منہاس شہید کی 54ویں برسی پر ان کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کی عظیم قربانی ہمت اور فرض سے لگن کی اعلیٰ روایات کی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1971میں آج کے دن پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جام شہادت نوش کیا۔ ان کا لاجواب جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی مسلح افواج اور قوم کے لیے ایک لازوال ترغیب کا باعث ہے، ان کی بہادری کی داستان، ہمارے قومی ضمیر کو آزادی کی قیمت اور مادر وطن کے دفاع کے لیے درکار حوصلے کی لازوال یاد دہانی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پائلٹ راشد منہاس شہید کا نام قوم کی تاریخ میں ہمیشہ وفاداری، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر محفوظ رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں