غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی حملے رکنے کا نام نہیں لے رہے، تازہ کارروائی میں مزید 51فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 51فلسطینی شہید ہوئے جن میں کم از کم 8امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی افواج نے غزہ میں امداد تقسیم کرنے والے مراکز کے قریب فائرنگ کی۔اس کے علاوہ خان یونس میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے خیموں پر حملوں میں کم از کم 8فلسطینی شہید ہوئے جبکہ وسطی غزہ کے دیر البلح میں ایک خیمے پر حملے میں مزید 4افراد جان سے گئے۔غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شروع کی گئی تقریباً 2سالہ نسل کش جنگ میں اب تک 62ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں کم از کم 18ہزار 885بچے بھی شامل ہیں۔ادھر حماس کی جانب سے قطر اور مصر کی طرف سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز پر رضامندی کے بعد اسرائیلی حکومت نے ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔




