فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحا ل سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر الرٹ ہے۔ ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مریم خان نے دریائے چناب کے نشیبی علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیا ت کا جائزہ لیا۔کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپس میں ادویا ت کی دستیابی، ڈاکٹروں اور عملہ کی حاضریوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں متاثرہ عوام کو فوری طبی امداد اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور دیگر ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔فلڈ ریلیف کیمپس میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور ریونیو کا عملہ چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر ڈیوٹی انجام دے رہا ہے جبکہ ریسکیو 1122کا عملہ نشیبی علاقوں میں مکمل طور پر الرٹ ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔ڈویژنل کمشنر مریم خان نے کہا کہ دریائے چناب کے بیٹ میں رہنے والے مکینوں کو پانی کی سطح اور سیلابی صورتحال کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کے بروقت انخلا کیلئے ٹریکٹرز اور ٹرالیوں کا انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ دریں اثناء ڈویژنل کمشنر مریم خان کا ٹھٹھہ جھبانہ کا دورہ کیا اورسیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔




