قصور (بیوروچیف) بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد پانی کی سطح میں اضافے کے باعث پاکستانی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعدگنڈا سنگھ والا پر درمیانے درجے اور ہیڈ سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔فلڈ وارننگ سینٹر کے مطابق گنڈا سنگھ والا پر درمیانے درجے کے سیلاب کے پیش نظر قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن میں دریا کے کنارے قائم آبادیوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، گنڈا سنگھ کے مقام پرپانی کابہائو 128509کیو سک اور ہیڈسلیمانکی پر 75ہزارکیوسک ریکارڈ کیا گیاہے۔ریسکیو حکام کے مطابق فلڈریلیف آپریشن کے دوران گزشتہ روز 444افرادکومحفوظ مقام پر منتقل کیاگیا، 470مویشیوں کو ریسکیو کیا گیااور 4ہزار سے زائد افراد کو کشتی سروس دی گئی ، مزید برآں ریسکیو ریلیف کیمپ کی تعداد 9سے بڑھا کر 16کردی گئی ہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق حاصل پور کے قریب ہیڈاسلام پربھی پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، سیلابی صورتحال کے باعث دریا کیبیٹ میں ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب ہیں جبکہ تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔




