فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان حافظ محمد امجد نے گور نمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں طلباء کی اخلاقی اور روحانی تربیت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ حافظ محمد امجد کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا پلیٹ فارم گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی فیکلٹی اور طلباء کی رہنمائی کیلئیہروقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو قرآن واحادیث کی روشنی میں رہنمائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اسلام کی اصل روح کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل ایسے قوانین کی توثیق کر رہی ہے جو قرآن وسنت کے روشنی میں ہوں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم نے کہا کہ جامعہ طلباء کی ہمہ جہت تربیت کے لیے کوشاں ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل کے تعاون سے یہ مقصد مزید احسن انداز میں پورا ہو سکے گا۔ اس موقع پر یونیورسٹی میں قرآن واحادیث پر مبنی خصوصی سیشنز کے انعقاد پر بھی بات چیت ہوئی، تاکہ طلباء کی فکری واخلاقی تربیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔




