الیکشن شیڈول کا اعلان ہوتے ہی امیدواروں کے ڈیرے آباد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے ایک حلقہ میں ضمنی انتخابات 5اکتوبر 2025ء کو ہونگے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول جاری ہوتے ہی سیاسی جماعتوں کے امیدوار سرگرم’ سیاسی ڈیرے آباد’ امیدواروں نے حلقہ میں ووٹرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے امیدواروں سے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں طلب کر لیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن فیصل آباد ساجد حسین نے ضمنی انتخابات کے پیش نظر فیصل آباد کے تمام سرکاری دفاتر میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تفصیل کے مطابق 9مئی کے واقعہ میں فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے96سے رائے حیدر علی کھرل’ حلقہ این اے104 صاحبزادہ حامد رضا اور پی پی98سے جنید افضل ساہی کو عدالت سے سزا ہونے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نااہل قرار دے دیا تھا اور فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے ایک حلقہ میں ضمنی انتخابات کیلئے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوارڈینیشن محمد اسد علی کی جانب سے جاری ہونیوالے شیڈول کے مطابق 26اگست کو ریٹرننگ آفیسر پبلک نوٹس جاری کرے گا۔ 28اگست تا 30اگست تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروا سکیں گے۔ 30اگست کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ 3ستمبر کو کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ 8ستمبر کو ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر اپیل کی جا سکے گی۔ 12ستمبر کی اپیلوں پر سماعت کی جائے گی۔ 13ستمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ 15ستمبر کو امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 16ستمبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات آلاٹ ہونگے۔ جبکہ 5اکتوبر 2025ء بروز اتوار کو پولنگ ہو گی۔ ضلعی الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے موقع پر ضلع بھر میں سرکاری اداروں میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ضمنی انتخابات کا اعلان ہوتے ہی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے سرگرمیاں تیز کر دیں۔ امیدواروں کے سیاسی ڈیرے آباد ہو گئے۔ امیدواروں نے حلقہ میں ووٹرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا۔ جبکہ فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار زیادہ متحرک نظر آتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لیں ہیں۔ جبکہ شہر کے حلقہ این اے104 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راجہ ریاض احمد نے اپنے بیٹے بیرسٹر راجہ دانیال کے ٹکٹ کے حصول کیلئے زیادہ متحرک ہو گئے انہوں نے گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے بھی ملاقات کی ہے جبکہ حلقہ این اے96 جڑانوالہ میں ملک نواب شیر وسیر کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ گزشتہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر تھے۔ جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ PP-98 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آزاد علی تبسم کو ٹکٹ ملنے کا قومی امکان ہے اور انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ناراض ساتھیوں کو منا لیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار ابھی تک کھل کر سامنے نہیں آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں