ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) تھانہ ائیر پورٹ کے علاقہ سدھار میں جانوروں کی چوری کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سدھار راجہ روڑ کے رہائشی ثنا اللہ ولد انیس قوم جٹ نے اپنی دوکان میں بکریاں بند کر کے تالا لگایا ہوا تھا کہ صبح سویرے نامعلوم موٹر سائیکل سوار چور تالہ توڑ کر دو عدد بکریاں، جن کی مالیت تقریبا ڈیڑھ لاکھ روپے بنتی ہے، چرا کر فرار ہو گئے۔اسی طرح سدھار میں رانا وقاص کے ڈیرے سے بھی نامعلوم موٹر سائیکل سوار بھینس کی کٹی چرا کر لے گئے۔ مقامی زمینداروں کے دیگر ڈیرے بھی جانوروں کی چوری کا نشانہ بن رہے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے تاحال کوئی قابل ذکر کارروائی سامنے نہیں آئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ فجر کی نماز سے قبل موٹر سائیکل سواروں کے گروہ کھلے عام گشت کرتے ہیں اور موقع ملتے ہی جانور چرا لیتے ہیں۔ پولیس کی خاموشی کے باعث شہریوں کا اعتماد پولیس پر سے اٹھتا جا رہا ہے اور ابھی تک کوئی چور گرفتار نہیں ہو سکا۔اہلِ علاقہ نے سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ چوریوں میں ملوث گروہ کو جلد گرفتار کر کے ان کے جانور واپس دلوائے جائیں۔




